موثر عدالتی نظام اور انصاف کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اعلی عدلیہ کی تقرریاں ناگزیر ہیں، صدر سپریم کورٹ بار

111

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر میاں محمد رئوف عطاء نے کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ میں تقرریاں ہمارے عدالتی نظام کے موثر کام کرنے اور سب کو انصاف کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔جمعرات کو اپنے بیان میں صدر سپریم کورٹ بار نے کہاکہ عدالتی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے یہ تقرریاں بلاتاخیر کی جانی ضروری ہیں ۔ عدالتی نظام پہلے ہی ججوں کی کمی سے دوچار ہے، اس طرح عدلیہ کی مجموعی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان (جے سی پی) کا کردار اور اس کے کام کی بھرپور وضاحت کی گئی ہے۔ ہم جے سی پی کی تشکیل کو حالیہ برسوں میں سب سے متوازن سمجھتے ہیں، کیونکہ اس میں تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی مساوی نمائندگی شامل ہے۔

ہمیں ان کی بصیرت، فیصلے اور آئین کی روح کی پاسداری پر مکمل اعتماد ہے۔ عدالتی تقرریوں کا عمل اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ان تقرریوں کے معاملے کو موثر طریقے سے حتمی شکل دی جائے گی تاکہ قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فوری فراہمی ممکن ہو سکے۔ ہم یہ بھی توقع رکھتے ہیں کہ تقرریاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ یہ افسوسناک ہے کہ قانونی برادری کے اندر سے چند افراد سیاسی فائدے کے لیے عدالتی نظام کی بنیادوں کو مسلسل کمزور کر رہے ہیں۔ یہ لوگ نام نہاد آل پاکستان لائرز ایکشن کمیٹی کے بینر تلے اس ادارے کو مسلسل نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

اس سے بھی زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ وہ اپنے ناجائز مقاصد کی تکمیل کے لیے اپنے عمل کی وجہ سے انصاف کی فوری فراہمی کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں ، ان کے مبہم دعوے کسی توجہ کے مستحق نہیں۔