جوہرآباد14 ستمبر (اے پی پی):چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولاناعبدالخبیر آزاد نے کہاہےکہ موجودہ حالات میں پاکستان کسی اندرونی و بیرونی جارحیت کا متحمل نہیں ہو سکتا ،اس صورتحال سے نکلنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ پوری قوم متحد ہو جائے اور معاشرے کا ہر فرد اسلام اور پاکستان کے خلاف ہونیوالی سازشوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جائے، عصر حاضر میں اتحاد بین مسلمین کے فروغ کیلئے عملی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے ان خیلات کا اظہار جوہرآبادمین ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ عظیم الشان سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔کانفرنس کی صدارت ڈسٹرکٹ بار کے صدر رضوان جمالی ایڈووکیٹ نے کی۔مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ تحفظ ختم نبوت آرڈیننس پر سو فیصد عمل کرانا قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی ذمہ داری ہے جبکہ وکلا ءاس قانوں کی بہتر طریقے سے تشریح کر سکتے ہیں۔
انہوں نے نبی کریم کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نبی کریم کی حیات طیبہ کا ہر پہلو ہمارے لئے باعث تقلید ہے ،ہمیں اپنے عقائد پر قائم رہتے ہوئے دوسروں کے عقائد کو چھیڑنے سے گریز کرنا ہو گا۔سیرت النبی کانفرنس سے مولانا قاری عبدلباسط، سید سلیمان گیلانی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے معزز مہمانان گرامی کی دینی و ملی خدمات پر روشنی ڈالی ۔