موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی ، سلیکٹڈ آج کامیاب ہوا ہے نہ آئندہ کوئی سلیکٹڈ کامیاب ہوگا،سید نوید قمر

93

حیدرآباد۔7جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی ، سلیکٹڈ آج کامیاب ہوا ہے نہ آئندہ کوئی سلیکٹڈ کامیاب ہوگا ،عمران خان نے آنیوالوں کے لیے مشکلات پیدا کیں تاہم ہماری اتحادی حکومت آنیوالوں کے لیے مشکلات پیدا نہیں کرنا چاہتے اس لیے ریاست کے مفاد میں سخت و مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں ،ہر ادارے کو اپنے دائرے میں آئین و قانون کے مطابق کام کر نا چاہیئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈو محمد خان میں ایم پی اے عبدالکریم سومرو کی رہائش گاہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہو ئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ اتحادی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور اگست کے بعد نئے انتخابات وقت پر ہونگے یہ حکومت ایسے وقت آئی ہے جب ملک معاشی بحران کا شکار ہے ہم نے ریاست کی بہتری کے لیے سخت فیصلے کئے ہیں مہنگائی ہے

لیکن عمران خان نے آنیوالوں کے لیے مشکلات پیدا کیں ہماری اتحادی حکومت آنیوالوں کے لیے مشکلات پیدا نہیں کرنا چاہتی دنیا میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ روس اور یوکرین کی جنگ کی وجہ سے غیر مستحکم ہو ئیں اور سابقہ حکومت کی آئی ایم ایف سے معاہدے کی خلاف ورزی کی وجہ سے معاشی مسئلہ پیدا ہوا ہے اب ہم آئی ایم ایف کے پاس نہیں گئے تو اور زیادہ نقصان ہو گا ہم ملک کو دیوالیہ نہیں ہو نے دیں گے انہوں نے کہاکہ آئی ٹی اور زراعت کی ترقی و فروغ سے ہم ملک ترقی کی طرف لے جاسکتے ہیں

انہوں نے کہاکہ ٹیکنو کریٹ حکومت کی باتیں وہی کر رہے ہیں جو خود ٹیکنو کریٹ ہیں میں سمجھتا ہوں کہ عدلیہ اور پارلیمنٹ کو اپنا اپنا کام کرنا چاہیئے ہر ادارے اپنے دائرے میں رہ کر کام کرے گا تو مسائل پیدا نہیں ہو نگے یہ نہیں ہوناچا ہیئے کہ کسی بھی بل کی منظوری سے پہلے پیچھے سے یہ کہا جائے کہ اسمیں یہ شامل کرو اور یہ نکالودو۔انہوں نے کہاکہ جوڑ و توڑ اور انجینئرنگ سے سیاسی معاملات بہتر نہیں ہو نگے چیلنجز بہت زیادہ ہیں ملک کو معاشی و سیاسی بحرانوں سے بچانے کے لیے ہر سیاسی جماعت کو کردار ادا کرنا چاہیئے۔ ـ