اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بلا تفریق رنگ و نسل کہ سب کو بنیادی تعلیم فراہم کرے گی،تعلیمی نصاب میں اختلافات کو ختم کرنے کے لیے یکساں نظام تعلیم متعارف کرانا درست قدم ہے،سب سے بہترین نمونہ جس کی پیروی کی جائے آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم ہے اور سیرت النبی ﷺکو یکساں نظام تعلیم متعارف کرایا گیا ہے تاکہ ہماری آنے والی نسل کو اسلام کے اصولوں پر تربیت دی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کے وفد سے ملاقات میں کیا جنہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کا دورہ کیا اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سے ملاقات کی۔
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ تعلیم پیغمبری پیشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ ہماری آنے والی نسل کی تربیت اور رہنمائی کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو تربیت کا موقع دینا بہت ضروری ہے تاکہ وہ ہمارے مستقبل کی موثر رہنمائی کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد صوبہ بلوچستان نے اپنے بجٹ کا 20 فیصد سے زائد تعلیم کے لیے مختص کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ اساتذہ کا ایک وفد پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کر رہا ہے اور اس طرح کی سرگرمیاں اساتذہ کی استعداد کار میں اضافے کے لیے ضروری ہیں۔
ایڈیشنل سیکرٹری محمد مشتاق نے شرکاء کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی بنیادی نکات، قومی اسمبلی میں قانون سازی کے عمل اور اس کی قائمہ کمیٹی کی تشکیل اور کام کرنے کے بارے میں آگاہ کیا۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کے وفد کے "سفر معلم” کے شرکاء نے کہا کہ آج کے اس دورے میں ہمیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے جس سے ہمارے علم میں اضافہ ہوا ہے۔شرکاء نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی جانب سے قومی اسمبلی کا دورہ کرنے کا موقع فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔