
اسلام آباد ۔ 12 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہاہے کہ موجودہ حکومت بچوں سے جبری مشقت کے خاتمہ اور ان کے بہتر مستقبل کیلئے پر عزم ہے، عوام میں بچوں سے جبری مشقت کے خاتمہ کے حوالے سے وزارت انسانی حقوق آگاہی مہم کا آغاز کر رہی ہے۔ بدھ کو بچوں سے جبری مشقت کے خاتمہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت انسانی حقوق پاکستانی بچوں کے روشن مستقبل کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے جبکہ آئین پاکستان اور اسلامی تعلیمات میں بچوں کے حقوق سے متعلق بہترین راہنمائی فراہم کی گئی ہے۔وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے کہاکہ پاکستان 1990ئ میں بچوں کے حوالے سے سربراہ اجلاس کے 6 محرکین ممالک میں شامل تھا، جس میں بچوں کے حقوق سے متعلق کنونشن کی توثیق کی گئی اور اس پر دستخط کئے گئے۔ پاکستان نے 1982ءمیں بچوں سے بدترین مشقت کی روک تھام کے لئے آئی ایل او کے کنونشن کی بھی توثیق کی اور متنازع علاقوں میں بچوں کے استعمال سے متعلق سی آر سی کے آپشنل پروٹوکول پر بھی دستخط کئے ہیں۔