اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ موجودہ حکومت ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ،معیشت کو پائیدار اور جامع ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ورلڈ بینک کے نائب صدر جنوبی ایشیا ریجن (SAR) ہارٹ وِگ شیفر سے ملاقات کی۔ وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، کنٹری ڈائریکٹر ڈبلیو بی ناجی بینہسین، قائم مقام گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر مرتضیٰ سید، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پاور ڈویژن، سیکرٹری ای اے ڈی، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیر خزانہ نے ہارٹ وِگ شیفر کا خیرمقدم کیا اور بتایا کہ ملک کو اس وقت اشیاء کی عالمی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مالیاتی چیلنجز کا سامنا ہے۔
موجودہ حکومت ان مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ موجودہ حکومت معیشت کو پائیدار اور جامع ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آئندہ بجٹ کا مقصد مالیاتی استحکام لانا اور معیشت کی مجموعی لچک کو بہتر بنانا ہے۔ اسی وجہ سے حکومت معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے مختلف امدادی اقدامات فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت مالیاتی خسارے کو دور کرنے کے لیے ترجیحی شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائے گی۔ اس تناظر میں عالمی بنک کے دو پروگرام RISE-II اور PACE-II حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔ ہارٹ وِگ شیفر نے ورلڈ بینک کی طرف سے تجویز کردہ اصلاحاتی اقدامات کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
یہ پروگرام نہ صرف پائیدار ترقی کو یقینی بناتے ہیں بلکہ کسی بھی معاشی بحران کی صورت میں مؤثر کام کرے گا،انہوں نے معاشی چیلنجز پر قابو پانے میں حکومت پاکستان کے عزم کو سراہا۔ اجلاس میں جن اہم شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ان میں ملک کی میکرو اکنامک صورتحال، مالیاتی ذمہ داری اور قرض کی حد بندی کے قوانین اور پاور سیکٹر کی مالی استحکام شامل ہیں۔
وزیر خزانہ نے عالمی بینک کے نائب صدر کا شکریہ ادا کیا اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں عالمی بینک کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔ وزیر خزانہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات کے لیے عالمی بینک کی مسلسل حمایت اہم ہوگی۔
ہارٹ وِگ شیفر نے حکومت پاکستان کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور ورلڈ بینک کی طرف سے فنڈز فراہم کرنے والے منصوبوں پر عمل درآمد میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔