موجودہ حکومت تھیلیسیمیا سےمتاثرہ بچوں کی فلاح و بہبودکےلیےہمہ وقت کوشاں ہے،مریم اورنگزیب کا پارلیمنٹ ہائوس میں عطیہ خون کیمپ کےدورہ کےموقع پراظہارخیال

مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے،حکومت ان بچوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں کبھی خون کی قلت نہیں ہونے دیں گے۔

وہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر پاکستان سویٹ ہوم بلڈ بینک کی جانب سے پارلیمنٹ ہائوس میں عطیہ خون کیمپ کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کررہی تھیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے دیگر شرکاء کے ہمراہ نمایاں کارکردگی پر سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج پارلیمنٹ ہائوس میں پاکستان سویٹ ہوم بلڈ بینک کی جانب سے عطیہ خون کیمپ اظہار کرتا ہے کہ ہم تمام پارلیمنٹیرینز زمرد خان کے اس نیک اور عظیم مشن میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں، بلاشبہ ہم یہ دیکھتے ہیں کہ ہر جگہ اچھے کاموں میں زمرد کا نام صف اول پر آتا ہے اور اسی لیے اللہ تعالیٰ نے ان کے ہر کام میں برکت ڈالی ہے، زمرد خان اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، یقیناً آپ لوگ ہمارے ہیروز ہیں اور ہم سب کے لیے مشعل راہ ہیں

انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کیلئے خون کے عطیات جمع کرکے مستحق مریضوں تک مفت فراہمی کو یقینی بنانا یقیناً ایک عظیم کام ہے، پارلیمنٹیرینز کا بڑی تعداد میں خون کے عطیات دینا وطن عزیز سے محبت کا عملی اظہار ہے، اور ثابت کرتا ہے کہ ہمارا پارلیمان ہر طرح کی قربانیوں کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے، میں تمام پاکستانیوں اور عوام الناس سے اپیل کروں گی کہ زمرد خان صاحب کے اس نیک مشن میں ان کا ساتھ دیں۔

زمرد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مجھے یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی کہ ہماری یہ مقدس پارلیمان اور یہ ایوان انسانیت کی بے لوث خدمت میں کسی سے کم نہیں، میں تمام ارکان پارلیمنٹ سمیت اعلیٰ افسران اور بالخصوص سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا بے حد مشکور ہوں جنہوں آج میری آواز پر لبیک کہا اور معصوم زندگیاں بچانے کے اس عظیم مشن میں میرا بھرپور ساتھ دیا، یہ ایوان اور اس کے ارکان دیگر سٹاف و افسران نے مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے لوگوں کے تحفظ، حقوق اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں صف اول کا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ دینا عظیم صدقہ جاریہ اور عین عبادت ہے، ہمارے ہوتے ہوئے تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور بلڈ کینسر کے مرض سے جنگ لڑتے معصوم بچے تنہا نہیں، ان بچوں کے لیے اگر مجھے پورے پاکستان میں بھی پھرنا پڑا تو شہر شہر جاکر ان کے لیے خون کے عطیات جمع کروں گا، پاکستان سویٹ ہوم نہ صرف ہزاروں یتیم بچوں کی زندگیاں بدل رہا ہے بلکہ لاکھوں تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مرض سے جنگ لڑتے بچوں کے لیے جینے کی امید بھی ہے جنہیں اپنی زندگی جینے کے لیے مسلسل خون کے عطیات کی اشد ضرورت کا سامنا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان ، وزیر مملکت برائے قانون شاہد حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی امیر مقام، ایم این اے ڈاکٹر افضل خان ڈھانڈلہ ، ایم این اے علی زاہد، ایم این اے شمس الاسلام، ایم این اے خان محمد جمالی، ایم این اے ندیم عباس، ایم این اے آسیہ عظیم، ایم این اے ڈاکٹر شہناز، ایم این اے اسامہ قادری، ایم این اے اظہر قیوم ناہرا، ایم این اے رانا مبشر، ایم این اے احسان اللہ ، پارلیمانی سیکرٹری رفیق احمد جمالی، ایم این اے ڈاکٹر نثار چیمہ، ایم این اے طاہرہ اورنگزیب، ایم این اے محسن رانجھا، ایم این اے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ایم این اے ناز بلوچ، افضل کھوکھر، راجہ فاروق حیدر، روبینہ عرفان، سینیٹر تاج حیدر، سینیٹر مشاہد حسین، ایم این اے کشور زہرہ، ڈاکٹر قادر خان مندوخیل سمیت دیگر شخصیات نے بلڈ کیمپ کا دورہ کیا اور زمرد خان کے اس اقدام کو سراہا۔