موجودہ حکومت سابق وزیراعظم نواز شریف کے حوالے سے عدالتی فیصلوں کو قبول کرے گی،وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی

53

اسلام آباد ۔ 3 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور افتخار درانی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے حوالے سے عدالتی فیصلوں کو قبول کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کا ٹھوس موقف ہے کہ کسی کو بھی این آر او نہیں دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کسی کے ساتھ بھی کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے، نواز شریف کی صحت کے حوالے سے مناسب سہولتیں دینے کیلئے حکومت پنجاب کو ہدایات دی گئی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دوست ممالک اور بین الاقوامی برادری نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قومی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔ سانحہ ساہیوال کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ واقعہ کی شفاف تحقیقات کی جا رہی ہیں اور متاثرہ خاندانوں کی مکمل تسلی کرائی جائے گی۔