کوئٹہ۔24جنوری (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان مختصر دورے پر گڈانی پہنچے جہاں انہوں نے معروف سماجی وقبائلی شخصیت وڈیرہ عطاء اللہ بلوچ کی دستار بندی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے وڈیرہ عطاء اللہ بلوچ کی باقاعدہ دستار بندی کی اور ان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر صوبائی وزراء میر عارف جان محمد حسنی، میر ضیاء اللہ لانگو، پارلیمانی سیکرٹری دھنیش کماراورقبائلی معتبرین و معززین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دستار بندی ہماری رسم و رواج اور ثقافت کا اہم حصہ ہے انہوں نے قبائلی عمائدین اور معتبرین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ علاقے کے مسائل کے حل اور ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ بعدا زاں وزیراعلیٰ حب کے علاقے لیاری گئے جہاں انہوں نے مکھی ونود کمار لاسی کی دستار بندی کی تقریب میں بھی شرکت اس موقع پر صوبائی وزراء میر عارف جان محمد حسنی، میر ضیاء اللہ لانگو، پارلیمانی سیکرٹری دھنیش کمار اورہندو برادری کی کثیر تعداد موجود تھی۔ وزیراعلیٰ نے مکھی ونود کمار لاسی کو روایتی پگڑی پہنا کر ان کی دستار بندی کی اور انہیں مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان کو روایتی پگڑی اورسندھی اجرک پہنائی گئی۔ وزیراعلیٰ نے دستار بندی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نوجوان قیادت کو آگے لانے کیلئے مواقع فراہم کرنے چاہئیں انہوں نے کہا کہ لسبیلہ کا شمار بلوچستان کے ان اضلاع میں ہوتا ہے جہاں مختلف قومیت اور مذاہبِ کے لوگ آباد ہیں یہ علاقہ ہمیشہ سے امن و آشتی کا گہوارہ رہا ہے انہوں نے کہا کہ مکھی ونود کمار کے والد کی بھی اس علاقے کے لئے بیشمار خدمات ہیں انہوں نے مقامی نوجوانوں سے ضلع کی خدمت اور یہاں پر موجود امن و امان اور آپسی بھائی چارے کو اسی انداز سے برقرار رکھنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے میں تمام اقلیتوں کے حقوق و تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ حکومت نے پہلی بار اقلیتی امور کا علیحدہ محکمہ قائم کرکے اقلیتی برادری کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک موثر پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہندو برادری نے صوبے کی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے اقلیتی برادی کی عبادتگاہوں اور فلاح و بہبود کے منصوبوں کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے اور آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں بھی اقلیتی برادری کیلئے نئے ترقیاتی منصوبے شامل کئے جائیں گے۔ موجودہ حکومت اقلیتوں کی سماجی و معاشی ترقی کیلئے بلا تخصیص اقدامات اٹھا رہی ہے۔