موجودہ حکومت عام آدمی پر بوجھ کم کرنےاور بڑھتی ہوئی مہنگائی کو روکنے کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے ،وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال

168

اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی (این پی ایم سی ) نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھنے اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کر دیں۔

منگل کو این پی ایم سی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال اور وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں چیف اکانومسٹ، چیف ادارہ شماریات اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ عام آدمی پر بوجھ کم کرنےاور بڑھتی ہوئی مہنگائی کو روکنے کے لئے موجودہ حکومت مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں قیمتوں کی نگرانی کے لئے این پی ایم سی کا اجلاس اب ہفتہ وار بنیادوں پر منعقد کیا جائے گا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ مہنگائی کے سب سے بڑے محرک عالمی قیمتوں میں اضافہ اور آئی ایم ایف کی شرائط کی وجہ سے پی او ایل اور یوٹیلیٹیز ٹیرف میں اضافہ ہیں، پاکستانی روپے کی قدر میں کمی نے بھی مہنگائی میں اضافہ کیا تاہم ذخیرہ اندوزی نے بھی اپنا حصہ ڈالا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے ہفتہ وار بنیادوں پر این پی ایم سی اجلاس بلانے کی ہدایت کرتے ہوئے ادارہ شماریات کو بھی ہدایت کی کہ وہ ہر اجلاس میں اپنی ڈیٹا تجزیہ رپورٹ شیئر کرے۔ مزید برآں وفاقی وزیر نے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو قیمتوں کے اشاریہ کی قریب سے نگرانی کرنے اور پروجیکشن کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کیں تاکہ مستقبل کے بحران پر قابو پانے کے لیے بہتر پالیسی بنائی جاسکے۔

وفاقی وزیر نے ادارہ شماریات کو ملک بھر کے مختلف اضلاع میں ضروری اشیائے خوردونوش کی تھوک اور خوردہ قیمتوں میں فرق کا باقاعدگی سے موازنہ کرنے کی بھی ہدایت جاری کیں اور اس سلسلے میں وزارت خوراک و صنعت کو بھی شامل کرنے کی بھی ہدایت جاری کیں۔