موجودہ حکومت غربت کے خاتمے اور غریب طبقے کو شعبہ ہائے زندگی سے متعلق سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے،ثانیہ نشتر

55

پشاور۔8جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کی مشیر برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ ڈاکٹرثانیہ نشترنے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ حکومت غربت کے خاتمے اور غریب طبقے کو شعبہ ہائے زندگی سے متعلق سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دو روزہ ڈیرہ اسماعیل خان کے موقع پر سرکٹ ہائوس ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عارف اﷲ، اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ تعلیم اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کی مشیر برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے غربت کے خاتمے اور غریب طبقے کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے مختلف منصوبے جاری کیے گئے ہیں جن سے متعلق لوگوں میں شعور و آگاہی بیدار کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ حقدار لوگ ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مقصد کیلئے محکمہ تعلیم کی خدمات بھی لی جائیں گی کیونکہ اساتذہ کا متعلقہ سکولوں کے ذریعے کیمونٹی سے براہ راست تعلق رہتا ہے اور دور دراز کے علاقوں اور ان میں مکین کیمونٹی سے بہتر طور پر آگاہ ہوتے ہیں ۔انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بھی اپیل کی کہ آپ لوگوں کا کردار بھی اس سلسلے میں نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں لہذا آپ سب بھی اس حوالے سے اپنی استعداد کے مطابق کردار ادا کریں کیونکہ جہاں ایک طرف زیادہ سے زیادہ حقدار لوگ مستفید ہو پائیں گے وہیں اسلام بھی انسانی خدمت کا درس دیتا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سماجی تحفظ کے حوالے سے سروے چاروں صوبوں میں جاری ہے ملک بھر میں سروے تقریباً 61فیصد جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں 22فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔اس سروے کے دوران گھرانوں کی معلومات حاصل کی جاتی ہے جس کی بنیاد پر پروگرام کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی سروے تیزی سے جاری ہے جسے جلد مکمل کر لیا جائیگا۔انہوں نے یقین دلایا کہ اس سروے کا مقصد غربت کا اندازہ لگانا اور غریب اور ضرورت مندوں کی خدمت ہے جو کہ رنگ ، نسل، لسانیات اور سیاست سے مکمل پاک ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں ضلع کی سطح پر ڈسک کا قیام بھی عمل میں لایا جائیگا جس کی مدد سے سروے سے رہ جانیوالے لوگ مستفید ہو سکیں گے تاکہ مستحق افراد اس سہولت سے محروم نہ رہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دو روزہ دورے کے دوران ضلع ٹانک اورقبائلی ضلع جنوبی وزیرستا ن کا دورہ بھی کریں گی۔