موجودہ حکومت غریب عوام کی عزت نفس اور وقار کو برقرار رکھتے ہوئے ان کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، یہ کوئی احسان نہیں بلکہ ذمہ داری ہے، تہذیب یافتہ قوموں کی پہچان ان کی اشرافیہ کے پرطعیش طرزِ زندگی سے نہیں بلکہ غریب عوام کے معیار زندگی سے ہوتی ہے، وزیراعظم عمران خان کا ترلائی میں پہلی ماڈل پناہ گاہ کے دورے کے موقع پر اظہار

245

اسلام آباد ۔ 7 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت غریب عوام کی عزت نفس اور وقار کو برقرار رکھتے ہوئے ان کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، یہ کوئی احسان نہیں بلکہ ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وفاقی دارلحکومت کے علاقہ ترلائی میں پہلی ماڈل پناہ گاہ کے دورے کے موقع پر کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تہذیب یافتہ قوموں کی پہچان ان کی اشرافیہ کے پرطعیش طرزِ زندگی سے نہیں بلکہ غریب عوام کے معیار زندگی سے ہوتی ہے۔ انہوں نے پناہ گاہ میں معیاری سہولیات کی فراہمی اور اسے ملک بھر میں قائم دیگر پناہ گاہوں کے لئے ماڈل کے طور پر پیش کرنے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال کے قیام کا مقصد کینسر کے مریضوں کو امیر یا غریب کی تفریق کے بغیر علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنا تھا اور نیا پاکستان کے حوالے سے بھی ان کا یہی تصور ہے جہاں غریب عوام کو معیاری سہولیات میسر آئیں، صحت انصاف کارڈز کی فراہمی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پناہ گاہوں میں مقیم افراد کی عزت نفس کا احترام یقینی بنایا جائے، ان کی خدمت احسان نہیں بلکہ ذمہ داری سمجھ کر انجام دی جائے۔ قبل ازیں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی اور وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے پناہ گاہ نسیم الرحمن نے وزیر اعظم کو پناہ گاہ میں انتظامی امور اور اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر اعظم کی جانب سے گزشتہ ماہ اسلام آباد میں قائم پناہ گاہوں کو ماڈل پناہ گاہ بنانے کی ہدایت کے بعد یہ پہلا شیلٹر ہوم ہے جو ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں بہتر انفراسٹرکچر ، کیٹرنگ اور رہائشی معیار کے ساتھ دیہاڑی دار مزدوروں کے لئے معیاری خدمات انجام دے رہا ہے۔ آئندہ تین ماہ میں وفاقی دارالحکومت کی تمام 5 پناہ گاہوں کو ری ماڈل کیا جائے گا اور بعد میں بتدریج پورے ملک میں پناہ گاہوں کو ری ماڈلڈ پناہ گاہیں بنایا جائے گا۔ وزیر اعظم نے دورہ کے دوران پناہ گاہ میں مختلف سہولیات اور انفراسٹرکچر کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پناہ گاہ میں مقیم افراد سے بات چیت کی اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے دریافت کیا۔ وزیراعظم نے بعد ازاں پناہ گاہ میں مقیم افراد کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے مواصلات مراد سعید، مشیر برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر، معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری، علی نواز اعوان، راجہ خرم نواز اور دیگر اعلی عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔