موجودہ حکومت نچلی سطح پر انصاف کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، قاسم خان سوری

44
موجودہ حکومت نچلی سطح پر انصاف کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، قاسم خان سوری

کوئٹہ۔29جنوری (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی و صوبائی صدر پاکستان تحریک انصاف بلوچستان قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ کرپشن سے نجات دلا کر ملک کو صحیح سمت کی طرف اور نچلی سطح پر انصاف کی فراہمی کیلئے موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، تحریک انصاف وزیر اعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو کے ساتھ ہے تاکہ بلوچستان کے عوام کو ریلیف فراہم ہوسکے،میڈیکل اسٹوڈنٹس کے جائز مطالبات کے حل کیلئے بھرپور کوشش کرینگے ،نواز شریف کے ساتھ ڈیل کی باتیں بے بنیاد ہے،سردار یار محمدرند ہمارے مرکزی رہنماءاور وفاقی سطح پر معاون خصوصی کا عہدیدار بھی ہے اگر ان کی ناراضگی ہے تو وزیر اعظم سے مل لے ،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز کوئٹہ میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما ءسابق ٹکٹ ہولڈر پی بی 26 محمد ادریس تاج کے نئے دفتر کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی و صوبائی صدر پاکستان تحریک انصاف قاسم خان سوری نے کہا کہ اپوزیشن جو بڑی بڑی باتیں کرتی ہے اس سے اندازہ ہو گیا ہے کہ حکومت کہیں نہیں جا رہی ہے اور مضبوط ہوتی جارہی ہے،

اسٹیٹ بینک کے حوالے سے قاسم خان سوری نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے حوالے جو بل سینٹ سے پاس ہوا وہ معاشی حوالے سے اہم بل تھا، پاکستان امریکہ ،انڈیا،بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک کی بے نسبت سب سے زیاد ایکسپورٹ کررہے ہیں جس سے معیشت مضبوط ہو رہی ہے،

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مفاد میں ساری قانون سازی ہو رہی ہے19ویں صدی کے قوانین کو تبدیل کیا جارہا ہے کرپشن کے خاتمے کیلئے اور عوام کو نچلی سطح پر انصاف فراہم کرنے کیلئے ویڈیوز ریکارڈنگ،وائس سمیت دیگر ثبوتوں کے بل پاس کئے جارہے ہیں تاکہ لوگوں کو تیز ی کے ساتھ انصاف فراہم ہو،

قاسم سوری نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کے سارے قائدین رہتے ہی اسلام آباد میں ہے اور صرف کارکنوں کو بلا رہے ہیں تاکہ اپنی کرپشن چھپا سکے ماضی میں آنے والے تمام حکومتیں چور تھے جس نے صرف اپنی بچوں کیلئے ملک کو لوٹا،اپوزیشن اب دوبارہ حکومت میں آنے کے خواب دیکھ رہے ہیں اس حوالے سے پی ٹی آئی منظم اور متحد ہے ان کا بھرپور مقابلہ کرینگے ،قاسم خان سوری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو پاکستان واپس آنا چاہئے اور اور جیلوں میں اپنی سزا پوری کرے،کسی کی مرضی کسی سے نہیں چھین سکتا چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ حکومت کو دیا،

پاکستان تحریک انصاف وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے اور کسی بھی حوالے سے وزیر اعظم کا فیصلہ حتمی ہے۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ میڈیکل سٹوڈنٹس سے مل چکے ہیں اوراس حوالے سے پی ایم سی کو لیٹر بھی لکھ چکے ہیں ان کے جائز مطالبات کے حل کیلئے بھرپور کوشش کرینگے ۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءعبد الباری بڑیچ، ایوب ترین ایڈووکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔