موجودہ حکومت نےموسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں،رکن قومی اسمبلی شائستہ خان

117

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی شائستہ خان نے کہا ہے کہ حکومت نےموسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے شجر کاری ،پولی تھین بیگ پر پابندی سمیت متعدد اقدامات کئے ہیں ،ہم سب کو شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ۔

’’اے پی پی ‘‘سے خصوصی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی بہت اہم مسئلہ ہے، موجودہ حکومت نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں خاص طور پر پولی تھین بیگ پر پابندی نمایاں اقدام ہے جس پر موثر عملدرآمدکیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں، اسی طرح وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پاکستان گرین کا انیشیٹو لیاجس کے آنے والے وقت میں دورس اثرات مرتب ہوں گے، اسی طرح ڈی فورسٹریشن پر بھی کام کیا جا رہا ہے ،حکومت نے موسمیاتی تبدیلی کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے اچھا لائحہ عمل اختیار کیاہے،سیلاب سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیارکی جا رہی ہیں ،شجر کاری کی جا رہی ہے کیونکہ اس سے سیلاب کی شدت کم کرنے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ کرش پلانٹ کی وجہ سے پہاڑ ختم ہو رہے ہیں جس سے مقامی آبادیوں کو نقصان ہو رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف الیکٹرک وہیکل، سولر پاور پلانٹس سمیت متبادل توانائی کے منصوبوں پر توجہ دے رہے ہیں جس سے ہمیں بہت فائدہ ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹمبر مافیا کو روکنے کے لئے گراس روٹ لیول پر کام کرنا ہوگا ،ہر شہری کو چاہیے کہ ایسے لوگوں پر نظر رکھیں،ہمیں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق سوشل میڈیا کے ذریعے بچوں اورنوجوانوں سمیت ہر ایک شہری کو آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تمام شہری شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے ضائع شدہ مواد کو تلف کرنے پرکام کرنا ہوگا ،5.2 ملین لوگ انفیکشن ڈیزیز سے مر رہے ہیں جس میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے ۔