موجودہ حکومت نے بلدیاتی نظام کو بحال کرنے اور ن نچلی تک اختیارات کی منتقلی کا اپنا انتخابی وعدہ پورا کیا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

92

اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بلدیاتی نظام کو بحال کرنے اور نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی کا اپنا انتخابی وعدہ پورا کیا ہے،بلدیاتی نظام سے گلی محلہ کی سطح پر عوامی مسائل عوام کے دہلیز پر حل ہونگے جس سے عوام کو اپنے نمائندوں پر اعتماد میں اضافہ ہو گا،موجود حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات لانے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی صحت کے شعبے میں سب سے بڑی کامیابی قومی شناختی کارڈ کے حامل افراد کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی ہے۔انہوں نے کہا صحت انصاف کارڈ کی فراہمی انقلابی قدم ہے جس کا تمام تر کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے،

موجودہ حکومت نے اپنے انتخابی منشور کے مطابق عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کر دیا جن میں یکساں نظام تعلیم، صحت انصاف کارڈ اور بلدیاتی اداروں کو فعال کرنا شامل ہے۔یہاں موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانیری صوابی میں نو منتخب بلدیاتی نمائندوں سمیت بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیئرمین صوابی عطاء اللہ بھی موجود تھے۔اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ صوابی میں شعبہ صحت کو عرصہ دراز سے کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی تھی لیکن اب موجودہ دور میں شعبہ صحت میں اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے اور صوابی کے مریضوں کو جلد پشاور سمیت دیگر ہسپتالوں میں منتقل کرنے کی روایت ختم ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ موجود حکومت کے انقلابی اقدامات کی بدولت عوام کو دورس نتائج برآمد ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی پوری دنیا کے لیے ایک سنگین مسائل ہے موجود حکومت مہنگائی پر قابو پانے اور ملکی پیداوار کو بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال ملک میں پیداوری شعبہ ترقی کرے گا جس سے مہنگائی میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوابی میں تعلیم کے مد میں تاریخی کام جاری ہیں وویمن یونیورسٹی کی نئی عمارت کو جلد مکمل کر لیا جائے گا ۔انکا کہنا تھا کہ صوابی میں یونیورسٹی ، کالجوں اور سکولوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوابی میں بجلی اور گیس کی فراہمی سے متعلق منصوبوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے ساتھ نوجوانوں کا گہرا تعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے تعمیراتی کام جاری ہے جس سے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا وہ دن دور نہیں جب صوابی کی عوام کو زندگی کی تمام سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ہونگی۔انہوں نے کہا کہ میرا مشن اپنی عوام کی مشکلات کو حل کرنا اور اپنے علاقے کی پسماندگی کا خاتمہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اللہ تعالیٰ نے یہ موقع فراہم کیا ہے کہ میں اپنی عوام کی خدمت کر سکوں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں عوامی خدمت کے جذبے پر یقین رکھتا ہوں اور عوام کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھوں گا۔اسپیکر کا بلدیاتی نمائندوں کو حکومتی سطح پر اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی۔