موجودہ حکومت نے شعبہ زراعت کیلئے ریکارڈ123 ارب روپے بجٹ میں مختص کئے،سید عاشق حسین کرمانی

29

لاہور۔8جولائی (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام زیادہ گندم اگائو مہم کے تحت کسانوں میں مفت گرین ٹریکٹرز کی تقسیم کے سلسلہ میں تقریب کا انعقاد اوکاڑہ میں ہوا۔صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے26 کسانوں میں گرین ٹریکٹرز تقسیم کیے۔اس موقع پر ایم پی اے میاں محمد منیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد ابراہیم ارباب، لیگی رہنما رائو محمد اجمل، ڈائریکٹر زراعت توسیع شہباز اختر، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد اعجاز، سمیت محکمہ زراعت کے افسران اور کسانوں وکاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ڈائریکٹر زراعت توسیع ساہیوال شہباز اختر نے کسانوں و کاشتکاروں کیلئے کسان دوست پالیسیوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ضلع بھر کے 26 خوش نصیب کسانوں و کاشتکاروں میں بذریعہ قرعہ اندازی مفت گرین ٹریکٹرز تقسیم کیے گئے۔صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے کسانوں و کاشتکاروں سے وعدہ پورا کر دیا، ای بیلٹنگ کے ذریعے شفاف انداز میں پنجاب بھر کے کسانوں میں مفت ٹریکٹرز تقسیم کیے جا رہے ہیں، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف زراعت کی ترقی و ترویج کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں شعبہ زراعت کے لیے مختص20 ارب سے بڑھا کر موجودہ حکومت نے ریکارڈ123 ارب روپے بجٹ میں مختص کیے گئے ہیں، تاریخ میں پہلی بار10 ہزار کسانوں میں10 لاکھ سبسڈی پر گرین ٹریکٹرز تقسیم کیے گئے، کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو75 ارب روپے کے بلا سود قرض دیئے گئے۔ ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر نے کہا کہ حکومت کو کسانوں کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے، دیگر انقلابی پروگرامز کے ذریعے کسانوں کاشتکاروں کے نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسان و کاشتکار ملک دشمن عناصر کا آلہ کار نہ بنیں، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں کسانوں کاشتکاروں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، کسانوں اور کاشتکاروں نے مفت ٹریکٹرز کی تقسیم پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔