موجودہ حکومت نے پنجاب کی عوام کےلئے چارسو ارب روپے ہیلتھ کارڈ کےلئے مختص کیے ہیں،فرخ حبیب

54

ملتان۔2جنوری (اے پی پی):وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی پنجاب کی12کروڑ عوام کے لئے چار سو ارب روپے ہیلتھ کارڈ کے لئے مختص کیے ہیں ۔

بلاول زرداری سندھ میں کھاد مافیا کی سرپرستی کررہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن 23مارچ کو لانگ مارچ نہیں کوئیک مارچ کریں گے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ڈوگر ہائوس میں وزیراعظیم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ملک عامرڈوگر سے ان کی والدہ کی وفات پر اظہارتعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیرڈاکٹراختر، ایم پی اے جاوید اخترانصاری، چیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

فرخ حبیب نے مزید کہاکہ اب علاج معالجے کےلئے ہر غریب کی جیب میں دس لاکھ روپے سالانہ موجود ہیں۔خیبر پختونخواہ میں عوام پر اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں ۔ہیلتھ کارڈ پروگرام دنیا کے کسی بھی ترقیاتی ملک میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت احساس پروگرام پر260ارب روپے خرچ کررہی ہے۔ احساس پروگرام کے تحت 50ہزاربچوں کو اسکالرشپ فراہم کیاجارہاہے جبکہ ایک کروڑ بچوں کی کفالت کر رہے ہیں ۔

فرخ حبیب نے کہاکہ اس وقت ڈھائی سو ارب روپے کی لاگت سے 7کروڑ لوگوں کو مفت ویکسین لگا چکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں ملک کی برآمدات میں 25 فیصد اضافے کے ساتھ سوا 15ارب ڈالر پر پہنچ گئی ہے جسے ان شاءاللہ اگلے مالی سال تک 30ارب ڈالر تک لے کر جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ زرعی پیداوارمیں ریکارڈ اضافہ ہوا اورچار سو ارب روپے کسانوںکی جیبوں میں گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایات پرمیرا پاکستان ،میرا گھرپروگرام کے تحت 100 ارب کے قرضے منظور ہو چکے ہیں جبکہ34ارب روپے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آج غریب کا چھت بنانے کا خواب پورا ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ تربیلا ڈیم کے بعد اب تک ملک میں کوئی اور ڈیم کا منصوبہ نہیں بنایاگیا۔ موجودہ حکومت نے دس ڈیم کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔2025تک مہمند ڈیم سے 700میگا بجلی ملنا شروع ہوجائے گی۔ اسی طرح دیامر ڈیم سے 4500اورداسو ڈیم سے 4600میگا واٹ بجلی میسر آئے گی۔وزیرمملکت نے مزید کہا کہ پورے ملک میں یکساں ترقی کرائی جا رہی ہے ۔

ایک خاص طبقہ نے ملک پرچالیس سال حکومت کی ۔2018 ءکے انتخابات میں اس طبقے کو عوام نے بری طرح مسترد کیا،یہ لوگ نا اہلی لوٹ کھسوٹ کے باعث مسترد ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ آج وفاق کی ایک ہی جماعت پی ٹی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کرنے والوں کو مایوسی ہوئی ہے۔مولانا فضل الرحمن لانگ مارچ کی دھمکی کسی اور کو دیں ۔ فضل الرحمن کے ا پنے بیٹے نے استعفی نہیں دیا۔فرخ حبیب نے کہا کہ ہماری ترجیحات عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے ۔

مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا ۔عالمی سطح پر امریکہ میں چالیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ۔انہوں نے کہا کہ احساس ڈیجیٹل راشن پروگرام لے کر آئے ہیں ۔ دال آٹا گھی پر ایک ہزار بروپے کی سبسڈی حکومت مہیا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے تین سال میں عمران خان پر کوئی کرپشن کا کیس نہیں لا سکے ۔مودی کو آج اندر سے پریشر آنا شروع ہو گیا ہے ۔

سابق بھارتی فوجی سربراہوں نے آر ایس ایس کے نظریئے کے حوالے سے خط لکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انتخابات کروائیں گے۔نوازشریف کی واپسی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عدنان واپس آ گئے کوئی واپس نہیں آیا وہ نواز شریف نہیں آیا۔نواز شریف اشتہاری ہیں ویزہ توسیع کی درخواست مستردہوئی ہے ۔

نوازشریف کاغذی شیر نہ بنیں، عدالتوں کے سامنا کریں ۔کبھی آڈیو لیک آجاتی ہے، قطری خط کا فراڈ ،جعلی ایفیڈیوٹ سامنے آجاتا ہے۔ بلاول زرداری کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بلاول کے والد نے پی پی کی ٹارگٹ کلنگ کر دی ہے ۔ پی پی وفاق کی علامت تھی ۔بلاول پنجاب کی فکر چھوڑیں، 2023 میں سندھ کی فکر کریں۔