نارووال۔27 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، مجھے اللہ تعالٰی کی مدد پر پورا یقین ہے کہ 2029 میں جب ہم دوبارہ انتخابات کیلئے جائیں گے تو پاکستان ترقی کے اعتبار سے بہتر پوزیشن پر ہو گا،تبدیلی سرکار نے بلاوجہ ہمارے ترقیاتی منصوبوں کو التوا کا شکار کر کے ان کی لاگت کو بڑھایا،ہونا تو یہ چاہیے کہ اب قیمتوں میں اضافے کا یہ بل اڈیالہ جیل بھیجا جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارکلین گرین نارووال پروگرام کے حوالے سے میونسپل کمیٹی نارووال کے مرکزی ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں وفاقی وزیرپروفیسر احسن اقبال اورممبر صوبائی اسمبلی وچیئرمین بیت المال پنجاب خواجہ محمد وسیم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ تقریب کے دوران میونسپل کمیٹی کے ڈرائیوروں میں نئی گاڑیوں کی چابیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکل وقت میں سخت فیصلے کر کے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، آج ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، اس کے علاوہ آج اسلام آباد میں بین الاقوامی کانفرنسز کا انعقاد موجودہ حکومت کی بہتر خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے جبکہ پی ٹی آئی کے لوگ بیرون ملک قومی لیڈروں کے ساتھ بدتمیزی برپا کرکے پاکستان کا نام بدنام کر رہے ہیں اس کے علاوہ انہیں اور کچھ حاصل نہیں ہوتا،ان سے پوچھتا ہوں کہ یہ کہاں کی حب الوطنی ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی تعمیر و ترقی اور صفائی ستھرائی کے کام کو انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ کرنے پر میں ڈی سی نارووال اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، نئی مشینری کی خریداری سے صفائی کا مشن مزید کامیاب ہو گا،بحیثیت مسلمان ہمیں آپؐ کے فرمان صفائی نصف ایمان ہے پر عمل پیرا ہونا چاہیے تاکہ ہمارا کردار ،ہمارے گھر ،محلے اور بازارصاف ستھرے نظر آئیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے جان بوجھ کرہمارے ترقیاتی منصوبوں کو التوا کا شکار کر کے ان کی لاگت کو بڑھایا،ہونا تو یہ چاہیے کہ اب قیمتوں میں اضافے کا یہ بل اڈیالہ جیل بھیجا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے مخالفین سے یہ کہتا ہوں کہ آئیں ترقی میں ہمارا مقابلہ کریں،تبدیلی سرکار نے اپنے چار سالہ دور حکومت کے دوران جو کیا وہ سب کے سامنے ہے، حقیقی تبدیلی یہ ہوتی ہے کہ عوام کو تعلیم،صحت،کاروبار اور کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کئے جائیں ،آج سے 10سال پہلے کا نارووال کسی بھی بڑے تعلیمی ادارے سے محروم تھا مگر آج کا نارووال تعلیمی درسگاہوں سے مالامال ہے،آج ہمارے بچے اور بچیاں اپنے گھر میں رہ کر اعلی تعلیم حاصل کررہے ہیں اسکو ترقی کہتے ہیں، رواں سال نارووال میڈیکل کالج کا آغاز ہونے جارہا ہے جو نارووال کی تعلیمی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت کے دوران جب مجھے جیل بھیجا گیا تو ڈاکٹروں نے فزیوتھراپی تجویز کر رکھی تھی لیکن مجھے قید کے دوران ایسی کوئی سہولت فراہم نہیں کی گئی جو مجھے بانی پی ٹی آئی کے ناروا سلوک کی یاددلاتا رہے گا۔ تقریب کے اختتام پر 27 اکتوبر یوم سیاہ کے حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال اور ممبر صوبائی اسمبلی وچیئرمین پنجاب بیت المال کی زیر قیادت میونسپل کمیٹی آفس سے احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی،جسمیں مختلف محکموں کے اہلکاروں،افسران،سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔