اسلام آباد ۔ 12 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ موجودہ حکومت کی طرف سے اداروں کو جدیدخطوط پر استوار کرنے کے لیے شروع کردہ ادارہ جاتی اصلاحات کے عمل کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ جمعرات کو پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں اداروں اور سول سروسز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ قیاِم پاکستان سے موجودہ دور تک ہمارے سول افسران نے نامساعد حالات کے باوجود عوامی خدمات کی فراہمی اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے بے پناہ خدمات انجام دی ہیں تاہم موجودہ حکومت نے اداروں کو جدیدخطوط پر استوار کرنے کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات کے عمل کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہوں گا کہ جلد از جلد اس اہم کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ بدعنوانی کسی بھی معاشرے کی جڑیں کھوکھلی کرکے اسے تباہ وبرباد کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ بدقسمتی سے وطن عزیز میں یہ لعنت بری طرح پھیل چکی ہے۔ ملکی خزانے اور وسائل کو لوٹنے والوں کا احتساب جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ پاک اور صاف ستھرا ہوگا تو اخلاقی اعتبار سے ہم اپنی شاندار قومی روایات کو زندہ رکھنے اور خود کو اقوام عالم میں سربلند رکھنے کے قابل ہوسکیں گے۔