موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ سندھ کی عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں ، گورنرسندھ

77

کراچی۔6جولائی (اے پی پی):گورنرسندھ عمران اسماعیل نے مخدوم فضل ا ور ان کی رہائشگاہ پر جی ڈی اے کے رہنمائوں سے ملاقات کی۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں علی نوازشاہ،مسرورجتوئی،امام بخش،خضرحیات منگریو اور جام ذوالفقار موجود تھے۔ اس موقع پر گورنر سندھ کے ایڈوائزر امید علی جونیجو بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سندھ کے نشاندہی کئے جانے والے مسائل، سیاسی حالات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ سندھ کی عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے اور آج اس ملاقات کا مقصد بھی یہ ہی ہے کہ ان مسائل کا حل تلاش کرکے سفارشات وزیراعظم کو ارسال کی جائیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سندھ کے مسائل کا جلد از جلد حل نکالا جائے ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ جی ڈی اے ہماری اتحادی جماعت ہے اور سندھ کے معاملات کے حل کے لئے میں ہم سب کی شمولیت چاہتے ہیں۔ میڈیا کی جانب سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ گورنرہائوس میں بانی پاکستان قائداعظم کے زیراستعمال کی اشیاء موجود ہیں یہی وجہ ہے کہ سندھ گورنر ہائوس میں اسٹڈی ٹوئرز ہوتے ہیں جس سے طلبہ فائدہ اٹھارہے ہیں۔