اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں ادارے آزاد ہیں، مردم شماری کے لیے تمام متلعقہ فریقین کو اعتماد میں لیا جائے گا، الیکٹرانک ووٹنگ مشین انتخابی عمل میں شفافیت لے کر آئے گی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کو یہاں وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وفد میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سیّد امین الحق، خالد مقبول صدیقی اور سینیٹر فیصل سبزواری شامل تھے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں مردم شماری اور سندھ میں جاری وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے وفاقی حکومت کے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے منصوبوں پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ حکومت اور اتحادی جماعتیں مل کر سندھ اور بالخصوص کراچی کی ترقی کے لیے موثر کردار ادا کر رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں ادارے آزاد ہیں، مردم شماری کے لیے تمام متلعقہ فریقین کو اعتماد میں لیا جائے گا، الیکٹرانک ووٹنگ مشین انتخابی عمل میں شفافیت لے کر آئے گی، پاکستان میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے انتخابی عمل پر مثبت اثرات کے بارے میں آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔