اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں انتظامی اقدامات کے باعث ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں بہتری آئی، آئی ایم ایف سے دوسری قسط ملنے سے روپے کی قدر اور ادائیگیوں کے توازن کی صورتحال مستحکم ہو گی۔
پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر کامران مرتضیٰ کی ملک میں روپے کی قدر میں کمی اور مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قلت کے نتیجہ میں افراط زر میں اضافے اور عوام کو درپیش مالی مشکلات کو زیر بحث لانے کی تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ فارن کرنسی کے نرخوں کا انحصار طلب و رسد پر ہے، نگران حکومت کے قیام کے بعد روپے پر دبائو تھا،
موجودہ حکومت نے کچھ انتظامی اقدامات کئے، پشاور، کراچی سمیت دیگر شہروں میں ہنڈی حوالہ کے غیر قانونی کاروبار پر قابو پایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان بالخصوص کرنسی ایکسچینج کمپنیوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا جائزہ مکمل ہو گیا ہے، قرضے کی دوسری قسط ملنے سے روپے کی قدر میں بہتری آئے گی اور ادائیگیوں کے توازن کی صورتحال بھی مستحکم ہو گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=414628