کراچی۔8دسمبر (اے پی پی):گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ احساس پروگرام سماجی شعبہ کا بے مثال پروگرام ہے کیونکہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر شروع کئے گئے اس پروگرام کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے وزارت اطلاعات و نشریات کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کےجنرل منیجر عمران غزالی سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی اور ڈیجیٹل میڈیا کے لئے گورنر سندھ کے فوکل پرسن معصوم صدیقی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں وفاقی حکومت کے عوام کی فلاح کے لئے شروع کئے گئے منصوبوں، احساس پروگرام کے تحت مختلف اقدامات اور ان کی موثر تشہیر سمیت عوام کو مصدقہ اطلاعات کی فراہمی کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گور نرسندھ نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت مختلف شعبوں میں تمام طبقات کو سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی موثر تشہیر اور عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے ڈیجیٹل پاکستان کا پلیٹ فارم موثر ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کی نشاندہی کے لئے پاکستان سٹیزن پورٹل کا قیام بھی وزیراعظم کا اہم اقدام ہے اور اس کے ذریعہ عوام کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی ممکن بنائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دور سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا کا ہے کیونکہ اس کے ذریعے عوام کو درست اطلاعات کی فراہمی اور حکومتی اقدامات کے بارے میں بروقت معلومات دی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عام آدمی کی حالت بدلنے کے لئے پر عزم ہیں، وزیراعظم پاکستان ملک کے تمام طبقات کے حقوق یقینی بنانے کے لئے کام کررہے ہیں۔ ڈیجیٹل ونگ کے جنرل منیجر عمران غزالی نے بتایا کہ ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے تحت اب تک 90 کے قریب سرکاری سوشل اکائونٹس کی تصدیق کی جاچکی ہے، ان اکائونٹس میں وفاقی اور پنجاب حکومتوں، وزارتوں اور وزراکے سرکاری سوشل اکائونٹس شامل ہیں۔