22.7 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 4, 2025
ہومتازہ ترینموجودہ دور میں پاکستان کو پیچیدہ عالمی حالات ، معاشی دباؤ سے...

موجودہ دور میں پاکستان کو پیچیدہ عالمی حالات ، معاشی دباؤ سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے حصول جیسے چیلنجز پر قابو پانا ہوگا۔صدر مملکت آصف علی زرداری کا یوم پاکستان پر پیغام

- Advertisement -

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم کو یومِ پاکستان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے بانیان اور تحریکِ پاکستان کے کارکنوں کی عظیم قربانیوں اور انتھک محنت کے نتیجے میں وجود میں آیا، آج ہمیں سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی کے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے،موجودہ دور میں پاکستان کو پیچیدہ عالمی حالات ، معاشی دباؤ سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے حصول جیسے چیلنجز پر قابو پانا ہوگا،ہم دہشت گردی جیسے عفریت کا مقابلہ کر رہے ہیں اور ہماری بہادر مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع میں بڑی قربانیاں دے رہی ہیں۔

ایوان صدر پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق یومِ پاکستان کے موقع پرصدر مملکت آصف علی زرداری نے پیغام میں کہا کہ ہم ان چیلنجز پر قابو پانے اور مزید مضبوط بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ قراردادِ پاکستان کی روح ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ کامیابی کے حصول کیلئے ہمیں اتحاد، ایمان اور تنظیم کو مشعل راہ بنانا چاہیے۔ ہمیں قومی سلامتی کو مستحکم کرنے، معیشت کو بحال کرنے، زراعت کو ترقی دینے، توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے اور اپنی نوجوان نسل کے لیے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دینا ہوگی۔ہر پاکستانی کی فلاح و بہبود کے لیے صحت اور سماجی بہبود میں سرمایہ کاری کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تا کہ کوئی بھی پاکستانی پیچھے نہ رہ جائے۔

- Advertisement -

آصف زرداری نے کہا کہ بابائے قوم کے دیے گئے اصولوں کے مطابق خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پاکستان امن بقائے باہمی، علاقائی استحکام اور باہمی تعاون کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔صدر مملکت نے کہا کہ ہم اپنے ہمسایہ ممالک اور عالمی برادری کے ساتھ باہمی احترام اور مشترکہ ترقی کی بنیاد پر مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ساتھ ہی ہم اپنی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے دفاع کیلئے بھی ثابت قدم رہیں گے۔ ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ہم ان کی جرات اور لگن کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں جو اپنے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر فوری اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائے تاکہ کشمیری اور فلسطینی عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔صدر مملکت نے کہا کہ ہمارا سفر مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ وہی جذبہ جس نے پاکستان کو وجود بخشا، ہمیں ایک روشن مستقبل کی طرف لے جا سکتا ہے۔

پاکستان کی اصل طاقت اس کے عوام میں ہے۔ان کی ہمت، محنت اور حب الوطنی نے ہمیشہ اس ملک کو مشکل ترین حالات سے نکالاہے۔ میں ہر پاکستانی سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر تقسیم اور منفی رجحانات کو مسترد کرے اور ایک خوشحال،ہمہ گیر اور انصاف پر مبنی پاکستان کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرے۔صدر مملکت نے کہا کہ آئیے! اپنے ہیروز کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے ایک مضبوط، متحد اور خوشحال پاکستان کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575541

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں