اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہےکہ موجودہ سیاحتی مقامات سے سیاحوں کا بہائو بدلنے کے لئے نئے سیاحتی مراکز بنائے جائیں،پاکستان قدرتی حسن سے مالامال ہے اور ہمیں انفراسٹرکچر اوررہائشی سمیت سیاحتی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم سے جمعرات کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاحتی رابطہ اعظم جمیل نے ملاقات کی۔ملاقات میں ملک میں سیاحتی شعبہ کے فروغ سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر ہدایت کی کہ موجودہ مصروف سیاحتی مقامات سے سیاحوں کا بہائو کم کرنے کے لئے ملک کے ناردرن ایریاز میں بالخصوص موسم سرما میں متبادل سیاحتی مقامات بنائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن سے مالامال ہےاور ہمیں اپنے انفراسٹرکچر اور ہائوسنگ سمیت سیاحتی سہولیات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ گورنر ہائوس نتھیا گلی کوبحال کرکے ریاستی مہمانوں کے لئےبالخصوص اہم سیاحتی مرکز کے طور پر ڈویلپ کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ نجی شعبہ خدمات بھی ملک کی سیاحت کے فروغ کے لئے حاصل کی جائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=292624