فیصل آباد۔ 06 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر فیصل آبادعبداللہ نیرشیخ نے کہا ہے کہ موجودہ سیزن میں ڈینگی کے خلاف کارروائیوں میں نرمی نہیں ہونی چاہیے اور اس اہم ٹاسک کو صرف رسمی نہ لیا جائے بلکہ تمام متعلقہ محکمے احساس ذمہ داری سے ڈینگی لاروا کا انسداد یقینی بنائیں۔
انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈینگی کے حوالے سے محکمانہ کارروائیوں کی پیشرفت اور درکار تقاضوں کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے وبائی امراض ڈاکٹر ذوالقرنین نے انسداد ڈینگی سٹاف کی کارکرگی اور ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کے نتائج کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے اینٹامالوجسٹ سمیت انسداد ڈینگی پر مامور سٹاف کو ہدایت کی کہ سرویلنس کے دوران ڈینگی ملنے پر فوری کیمیکل ٹریٹمنٹ کی جائے۔انہوں نے انسداد ڈینگی سے متعلق آگاہی مہم کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ قبرستانوں،ٹائر شاپس،پارکوں،پودوں کی نرسریوں اور دیگر مشتبہ جگہوں پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں۔
انہوں نے شہریوں میں ڈینگی سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر اختیارکرنے کا احساس اجاگر رکھنے کےلئے ہر ممکن تشہیری ذرائع بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تحصیل سطح پر بھی انسداد ڈینگی میٹنگز منعقد کرکے نچلی سطح پر متعلقہ محکموں کو متحرک رکھا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے اقدامات کے سلسلے میں محض خانہ پری قابل قبول نہیں کیونکہ اس ضمن میں متعلقہ محکموں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ بھی جاری ہے ،عدم توجہی کی نشاندہی پر قصورواروں کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی۔