موجودہ مخلوط حکومت ملکی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے سیاستدانوں میں ہم آہنگی ضروری ہے، راجہ پرویز اشرف

120
Raja Pervaiz Ashraf

اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ موجودہ مخلوط حکومت ملکی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے سیاستدانوں میں ہم آہنگی ضروری ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ملکی مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ ڈائیلاگ کی بات کی ہے، نئے شامل ہونے والوں کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے کی طرف سے یہاں جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے گوجر خان کی یونین کونسل کرنب الیاس کے گائوں لودھے میں شمولیتی پروگرام کے شرکا سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری لیاقت گجر اور چوہدری رفاقت گجر کو اپنی برادری کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے پر خوش آمدید کہتا ہوں، پاکستان پیپلز پارٹی میں نئے شمولیت اختیار کرنے والے زعما ہمارے لیے باعث فخرہیں، پیپلز پارٹی شمولیت اختیار کرنے والوں کے اعتماد پر پورا اترے گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کے لیے بات کرتی ہے اورموجودہ مخلوط حکومت ملکی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے سیاستدان میں ہم آہنگی ضروری ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ملکی مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ ڈائیلاگ کی بات کی ہے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، سیاست میں مذکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو ملک کی بقا کی خاطر سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنے کی ضرورت ہے، ملک کی معاشی صورتحال کے پیش نظر عام انتخابات کا انعقاد بیک وقت ہونا ضروری ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ گوجر خان کے مسائل کا حل اولین ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کے جذبات اور احساسات کو قد رکی نگاہ سے دیکھتے ہیں، عوامی مسائل اور مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں۔