لاہور۔26جولائی (اے پی پی):پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ لیڈر راستہ ڈھونڈتا ، دکھاتا اور ساتھ لے کر چلتا ہے ، قربانیاں دینے کے معیار پر بھٹو خاندان پورا اترتا ہے جنہوں نے جمہوریت کیلئے اپنی جان تک قربان کر دی ، صدر مملکت آصف علی زرداری میں تمام قائدانہ صلاحیتیں موجود ہیں، وہ تمام سیاسی جماعتوں سے مفاہمت کی بات کرتے ہیں، موجودہ ملکی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے آصف علی زرداری کے مشوروں پرعمل کرنا ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گورنر ہاؤس لاہور میں صدرمملکت آصف علی زرداری کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر،پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سیدحسن مرتضی،شہزاد سعید چیمہ،بیرسٹر عامر حسن، ثمینہ گھرکی، خالد جاوید جان،اسلم گل، جہاں آراء وٹو، معروف صحافی سہیل وڑائچ نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر میاں مصباح الرحمن،نوید چودھری،منور انجم،عثمان ملک، رانا جواد، سید عنایت علی شاہ، رانا جمیل منج،راؤ خالد،ارشد جٹ، رانا اکرام ربانی،بیلم حسنین،بشری منظور مانیکا،محسن ملہی ،عزیز ملک،احسن رضوی، عمران اٹھوال ،فائزہ ملک،،نسیم سہوترا،نرگس خان،بو علی منور،ملک ریاض ،چودھری اشرف،علامہ یوسف اعوان،عامر نصیر بٹ،شاہدہ جبیں سمیت پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔علامہ یوسف اعوان نے تلاوت کلام پاک سے تقریب کا آغاز کیا۔
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیڈر وہ ہوتا ہے جو سب سے زیادہ قربانی دیتا ہے،پاکستان میں قربانیوں کی بات ہو تو بھٹو خاندان کیساتھ کسی کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آصف علی زرداری میں صبر،تحمل،برداشت اور مسکراہٹ دیکھی ہے،سیاست کا پہیہ گھومتا رہتا ہے اورلیڈر پارٹی کیلئے ہمیشہ جگہ بنا لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں کم تعداد کے باوجود ہم آصف علی زرداری کی دانش کے باعث گورنر ہاوس میں بیٹھے ہیں۔لیڈر راستہ ڈھونڈتا، دکھاتا اور ساتھ لیکر چلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے،2008میں عددی طاقت نہیں تھی،ن لیگ کو ملانا پڑا۔
راجہ پرویز اشرف نے اپیل کی کہ تمام سینئر ساتھی اپنے بچے پیپلز پارٹی کو دیں اور آگے لائیں۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو سے بڑا کوئی لیڈر نہیں تھا لیکن ہم نے دونوں کو ضائع کر دیا۔ اللہ تعالی نے ہمیں ایک بار پھر آصف علی زرداری کی صورت میں بہادر لیڈر دیا ہے جنہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پارٹی کی کمان سنبھالی اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے قائدانہ کردار ادا کیا۔ انرجی بحران سے نمٹنے کیلئے ہمیں پاک ایران گیس پائپ لائن کو مکمل کرنا ہو گا اور اس منصوبہ کو شروع کرنے کا کریڈٹ آصف علی زرداری کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا۔کہ ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے صدر مملکت آصف علی زرداری کے ویژن پر عمل کرنا ہو گا۔
پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا کہ آصف علی زرداری ہر چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، انہوں نے ہر مشکل دور میں ملک کو بحرانوں سے نکالا ہمیں اتفاق،اتحاد سے ملکر اور دھڑے بندی سے نکلنے کی ضرورت ہے۔ خالد جاوید جان پیپلز یوتھ کلچرل ونگ پنجاب کے صدر نے کہا کہ جمہوریت کے لئے پیپلزپارٹی نے بیشمار قربانیاں دیں ۔ آصف علی زرداری مفاہمت کے بادشاہ ہیں، پیپلزپارٹی لاہور کے صدر اسلم گل نے کہا کہ آصف علی زرداری بہادر لیڈر ہیں ، محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد آصف علی زرداری نے پارٹی کا پرچم بلند کیا اور عوام کو دلاسہ دیا۔ بارہ سال تشدد برداشت کیا لیکن اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ مصطفی سعید چیمہ نے نوجوانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان بلاول بھٹو زرداری کی ولولہ انگیز قیادت پر یقین رکھتے ہیں ، ان کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا ۔ بیرسٹر عامر حسن نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی کردار کشی کرنے والوں کو ہمیشہ منہ کی کھانی پڑی، انہوں نے ملک کے وسیع تر مفاد کیلئے مخالفین سے بدلہ نہیں لیا بلکہ انہیں گلے لگایا۔پیپلزپارٹی کی رہنما جہاں آرا وٹو نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری واحد سیاسی شخصیت ہیں جو دشمن کے ساتھ بھی رواداری رکھتے ہیں ۔ پیپلزپارٹی کی رہنما ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری مضبوط اعصاب کے مالک ہیں ، انہوں نے ہر مشکل دور میں گھبراہٹ کی بجائے دلیری سے مقابلہ کیا ۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ آصف علی زرداری پاکستان کا اثاثہ ہیں، انہوں نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک کا مستقبل محفوظ بنا دیا ۔
ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے میثاق معیشت پر عمل کرنا ہو گا۔ معروف صحافی سہیل وڑائچ نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری میں ایک بہادر لیڈرشپ کی تمام خوبیاں موجود ہیں ، انہوں نے بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پارٹی کی کمان سنبھالی اور ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔ موجودہ سیٹ اپ میں مفاہمت کا رول صرف آصف علی زرداری ہی دکھا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سردار سلیم کو گورنر پنجاب بنانے کا دلیرانہ فیصلہ صرف پیپلز پارٹی ہی کر سکتی ہے۔ ڈاکٹر خالد جان نے تقریب میں اپنی انقلابی نظم” میں باغی ہوں ” پیش کی۔تقریب کے آخر میں صدر آصف علی زرداری کی 69ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔