مودی حکومت سیاسی فائدے کے لیے یاسین ملک کو پھانسی دے سکتی ہے، مشعال حسین ملک

68
ذمہ دار ایٹمی طاقت کے طور پر پاکستان نے خطہ میں توازن برقرار رکھا ہے،مشعال حسین ملک

اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ خون کی پیاسی  بدنام زمانہ نریندر مودی حکومت غیر قانونی طور پر قید ان کے شوہر یاسین ملک کو جھوٹے، غیر سنجیدہ اور سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات میں  پھانسی دینے پر تلی ہوئی ہے۔

مشعال حسین ملک  نے 1990 میں سری نگر میں بھارتی فضائیہ کے چار اہلکاروں کے قتل کے جعلی اور جھوٹے  کیس میں یاسین ملک کو پھنسانے کی بھارتی حکومت کی مذموم کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض حکام سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے کشمیری عوام کی سب سے پرزور اور طاقتور آواز کو خاموش کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ قاتل مودی اپنی مسلسل انسان دشمن  اور اقلیتوں کی مخالفت پر مبنی پالیسیوں کی وجہ سے آنے والے عام انتخابات میں ذلت آمیز شکست سے خوفزدہ ہے۔

جمعرات کو جاری ایک بیان میں مشعال حسین ملک  نے کہا کہ کشمیر کی آواز کے عدالتی قتل کو جواز فراہم کرنے کے لیے عام لوگوں کو یاسین ملک کے خلاف عینی شاہد کے طور پر پیش کرنے پر مجبور کیا گیا۔ مشعال نے کہا کہ تمام تر ریاستی مشینری استعمال کرنے کے باوجود  بھارتی کینگرو عدالتیں قابض حکام کے ساتھ مل کر ان کے شوہر کے خلاف ایک بھی مقدمہ ثابت کرنے میں ناکام رہی ہیں ۔

انہوں نے زور دیا کہ کینگرو عدالتوں کو یاسین ملک کی عدالت میں جسمانی پیشی کی قانونی درخواست پر غور کرنا چاہئے بجائے اس کے کہ وہ دہلی کی تہاڑ جیل سے ویڈیو کے ذریعے بیان لیں جہاں وہ 2017 سے غیر قانونی طور پر قید ہیں۔مشعال حسین ملک  نے اقوام متحدہ کے اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یاسین ملک کی جان بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ نسلی عصبیت رکھنے اور نسل کشی کرنے والی بھارتی حکومت اسے خاموش کرانے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔