اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ چار سال پہلے آج کے دن مودی حکومت نے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کا خاتمہ کرکے کشمیریوں کے حق پر شب خون مارا اور استحصال اور بربریت کی نئی تاریخ رقم کی۔
ہفتہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنایا ہوا ہے جہاں بغاوت کے ڈر سے بھارتی افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر ابھی تک مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے فیصلے کی مخالفت کرنے والے سینکڑوں کشمیری رہنما تاحال بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی تاریخ کی نااہل ترین سابق حکومت کے سربراہ عمران خان اپنے گزشتہ مذمتی بیانات کی تصاویر شیئر کر رہے ہیں تاہم 5 اگست کے سیاہ دن کو تاریخ میں پی ٹی آئی کی لیگیسی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے بھارت کے خلاف مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ لڑنے کے بجائے ہر جمعہ کو 2 منٹ کی خاموشی کا اعلان کیا۔ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے گزشتہ حکومت کی نااہلی اور کشمیر دشمنی کو کسی بھی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔