اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ مودی سے دوستانے نبھانے والے کشمیریوں کے مجرم ہیں، جنہیں الیکشن کیلئے امیدوار نہیں مل رہے وہ جیت کے نعرے مار رہے ہیں، آج جیت کے فلک شگاف نعرے مارنے والے کل دھاندلی کا متوقع رونا روتے پائے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مریم صفدر کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ جعلساز نے اس بار بھی جھوٹ اور فریب کا منتر پڑھنا شروع کر دیا، خود کو کشمیر کی بیٹی کہنے والی یہ بتائیں کہ غاصبینِ کشمیر ان کے فیملی فرینڈز کیوں ہیں؟ ، خود کو کشمیر کا مخلص کہنے والے بتائیں کہ ہائی کمیشن کو بھارت کے بارے میں بات کرنے سے کیوں روکے رکھا؟ مودی سے دوستانے نبھانے والے کشمیریوں کے مجرم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری میں آبروئیں لٹتی رہیں اور یہ ساڑھیوں کے تحفے لیتے رہے، میاں کا بھارت نواز بیانیہ کشمیر کی جدوجہد ِ آزادی کی توہین ہے، بھارتی بیانیے کا پاکستان میں پرچار کرنے والوں کے منہ کالے ہونے ہیں۔ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ نااہل لیگ کا اصل چہرہ پوری طرح قوم کے سامنے ہے، جنہیں الیکشن کیلئے امیدوار نہیں مل رہے وہ جیت کے نعرے مار رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے 4 سابقہ وزراء پارٹی ٹکٹ منہ پر مار کر چھوڑ گئے، صدارتی مشیر اور رکن اسمبلی سمیت متعدد لوگ پارٹی چھوڑ گئے، آج جیت کے فلک شگاف نعرے مارنے والے کل دھاندلی کا متوقع رونا روتے پائے جائیں گے۔