مودی سے نہیں ڈرتی، مودی اور بھارت ان کے والد یاسین ملک سے خوفزدہ ہیں، کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی صاحبزادی رضیہ سلطانہ کی ریڈیو پاکستان کے پوڈکا سٹ میں اظہار خیال

124

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی صاحبزادی رضیہ سلطانہ نے کہا ہے کہ وہ مودی سے نہیں ڈرتی ، مودی اور بھارت ان کے والد یاسین ملک سے خوفزدہ ہیں جس کی وجہ سے انہیں قید کیا گیا ہے۔ہفتہ کو ریڈیو پاکستان کے ساتھ ایک خصوصی پوڈ کاسٹ میں انہوں نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں معصوم بچوں پر بھارتی افواج کےظلم و ستم اور بربریت پر شدید غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری بچوں کوبنیادی تعلیمی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے اور کشمیری بچوں اور ان کے والدین کے خلاف پیلٹ گن کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری بچوں کی حفاظت اور انہیں اسکول بھیجنا ان کی زندگی کا مشن ہے اور اس مقصد کے لیے انہوں نے پاکستانی بچوں سے تعاون کی اپیل بھی کی۔ رضیہ سلطانہ نے بہادری سے للکارتے ہوئے کہا کہ وہ مودی سے نہیں ڈرتی ، مودی اور بھارت ان کے والد یاسین ملک سے خوفزدہ ہیں جس کی وجہ سے انہیں قید کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی جیلوں میں بند بے گناہ کشمیریوں نے کوئی جرم نہیں کیا اور ان کی حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد پرامن ہے۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ مسلمانوں کا قتل ناقابل معافی جرم ہے اور اس کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

رضیہ سلطانہ نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کو مودی کے ظالمانہ چنگل سے آزاد کرائیں جو کشمیر کو منی انڈیا میں تبدیل کرنا چاہتاہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے۔ انہوں نے اپنے اس پختہ یقین کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام بہت جلد بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزادی حاصل کر لیں گے۔ حریت رہنما کی صاحبزادی نے پاکستان کی جانب سے مظلوم کشمیریوں کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ معصوم لوگوں کے ساتھ کھڑا ہےاور کشمیر پاکستان کا حصہ ضرور بنے گا۔

دس سالہ رضیہ سلطانہ نے بچپن کی یادیں اور اپنے والد کے ساتھ گزارے ہوئے وقت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والد یاسین ملک کو بہت یاد کرتی ہیں اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ جلد واپس آئیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ چار سال گزر چکے ہیں جب اس نے آخری بار اپنے والد سے ٹیلی فون پر بات کی تھی۔ رضیہ سلطانہ نے بانی بابا قائداعظم محمد علی جناح کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے لیے رول ماڈل ہیں جنہوں نے اپنی ساری زندگی پاکستان کی خاطر صرف کی۔