اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):سینئر پارلیمنٹیرین اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی جنگ کو ہوا دینا چاہتا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ پہلگام واقعہ میں ہمارا کوئی کردار نہیں ۔
جمعرات کو قومی اسمبلی اجلاس میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ ہماری خاموشی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے،بھارت نے پاکستان کے بارے میں غلط اندازہ لگایا ہے،گزشتہ ماہ پاکستان لاکھوں سکھ یاتری پاکستان آئے اور اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کا منشور جموں و کشمیر پر قبضہ اور بھارت میں مقیم اقلیتوں کے لئے بھارت کی سر زمین تنگ کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کا واحد ایجنڈا جنگ کو ہوا دینا ہے ۔
شازیہ مری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پیش کش کی کہ اقوام متحدہ سے اس واقعے کی تحقیقات کروالیں لیکن بھارتی حکومت اس سے بھی بھاگ رہی ہے،کیونکہ مودی حکومت کو پتہ ہے اس واقعے میں کون ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 25 کے کروڑ عوام اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،بھارت کو اپنے رافیل پر بڑا ناز تھا مگر اس کا یہ غرور بھی ہماری ائیر فورس نے خاک میں ملا دیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594335