اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مودی کو افغانستان میں اقلیتوں کا درد تو نظر آتا ہے لیکن ہندوستان میں اقلیتوں پر ہونے والا ظلم و ستم دیکھائی نہیں دیتا ،مودی کی تقریر ہندوستان کی کو ویڈ 19 ویکسین کی مارکیٹنگ کی ناکام کوشش تھی ۔
ہفتہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ تقریر دنیا کے ایک بڑے فورم پر ایک غیر معیاری اور چھوٹی تقریر تھی،ایسا لگ رہا تھا ایک یونین کونسل کا لیڈر اقوام متحدہ سے خطاب کر رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مودی کی تقریر ہندوستان کی کو ویڈ 19 ویکسین کی مارکیٹنگ کی ناکام کوشش تھی،مودی کو افغانستان میں اقلیتوں کا درد تو نظر آتا ہے لیکن ہندوستان میں اقلیتوں پر ہونے والا ظلم و ستم دیکھائی نہیں دیتا ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ میں نے اپنی سیاسی زندگی میں اقوام متحدہ کے فورم پر ایسی غیر معیاری، فرسودہ اور بے ربط تقریر نہیں سنی۔