مودی کو انتخابات میں شکست کا خدشہ، بھارتی حکومت کی ایماءپر الیکشن کمیشن نے مقبوضہ کشمیر کی نام نہاد اسمبلی کے انتخابات کو التواءمیں ڈال دیا

82

نئی دہلی۔ 13 مارچ (اے پی پی) بھارت میں پارلیمانی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے باوجود الیکشن کمیشن نے بھارتی حکومت کی ایماءپر مقبوضہ کشمیر کی نام نہاد اسمبلی کے انتخابات کو التواءمیں ڈال دیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی الیکشن کمیشن نے7مراحل پر مشتمل پارلیمانی انتخابی شیڈول کا اعلان کردیا ہے جس کا آغاز 11 اپریل کو ہوگا۔ بھارتی حکومت‘ خفیہ ایجنسیوں اور وزارت داخلہ کے مشورے پر بھارت کے الیکشن کمیشن نے مقبوضہ کمشیر میں اسمبلی انتخابات موخر کردیئے ہیں اور اس کے لئے جواز یہ بنایا گیا ہے کہ مقبوضہ علاقے کی صورتحال ریاستی اسمبلی کے الیکشن کے لئے ساز گار نہیں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت بشمول وزیراعظم نریندر مودی کو یہ خدشہ ہے کہ اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی کو مقبوضہ علاقے میں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ 14فروری کو پلوامہ میں ہونے والے حملے میں49 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے جس پالیسی کو اختیار کیا اس کے نتیجے میں بھارت کو نہ صرف عالمی سطح پر بلکہ ملک میں سبکی اور سخت خفت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔