اسلام آباد ۔ 15 مارچ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ مودی کی سیاست انتہا پسندی پر مبنی ہے جس نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈالا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کو اپنے اندرونی معاملات پر غور کرنا چاہیئے جہاں لوگوں کو کئی مسائل کا سامنا ہے، بھارتی ریاستوں کے اندر بھی کئی تحریکیں چل رہی ہیں جو مودی حکومت کے لیے خطرناک صورتحال ہے۔ بلاول کی ریاست مخالف تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بلاول بھٹو کو ریاست مخالف بات کرنے سے گریز کرنا چاہیئے،جب بھی قومی احتساب بیورو (نیب) پیپلز پارٹی کے اوپر بدعنوانی کے مقدمات کے خلاف تحقیقاتی عمل کو تیز کرتی ہے تو پارٹی اٹھارہویں ترمیم پر واویلہ شروع کر دیتی ہے۔ گیس کے شعبے میں اضافی بلوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گیس کے اضافی بلوں کو اگلے ماہ کے بل میں ایڈجسٹ کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اقتصادی شعبے سمیت دیگر شعبوں میں حکومتی اقدامات اور کوششوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت ملک کو اقتصادی چینلنجز سے باہر نکالنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افراط زر اور ٹیکس کی شرح کو کم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔ پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دور میں ملکی کرنسی کی قدر میں کمی واقع ہونا شروع ہو گئی تھی۔