اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):آئیسکو ریجن میں موسلادھار بارش سے متعدد فیڈرز پر فالٹ اور ٹرپنگ کی وجہ سے بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔
ترجمان آئیسکو کے مطابق فیلڈ فارمیشنز متاثرہ فیڈرز پر جلد بجلی بحالی کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صارفین احتیاطی تدابیر کے تحت بجلی کی تاروں، کھمبوں اور ٹرانسفارمرز سے مناسب فاصلہ رکھیں،جسم یا ہاتھ گیلے ہونے کی صورت میں برقی آلات کو ہرگز نہ چھوئیں اور بجلی کی ٹوٹی ہوئی تار کو ہرگز نہ چھوئیں، متعلقہ دفتر کو اطلاع کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شارٹ سرکٹ کے نقصانات سے بچنے کے لئے الیکٹرک وائرنگ کو اپ ڈیٹ رکھیں،چھوٹے بچوں کو بجلی حادثات سے محفوظ رہنے کے متعلق آگاہی فراہم کریں۔شکایت یا کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں متعلقہ کمپلینٹ آفس یا ہیلپ لائن 118 پر کال کریں ، احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے جانی اور مالی حادثات سے تحفظ ممکن ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=567102