موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں نوجوانوں کا کردار اہمیت کاحامل ہے، سینیٹر سلیم مانڈوی والاکاتقریب سے خطاب

110
Senator Salim Mandviwala
Senator Salim Mandviwala

اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ ومحصولات کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں نوجوانوں کے کردار کو اہمیت کاحامل قراردیتے ہوئے کہاہے کہ یو لو گو جیسے نوجوانوں کی زیرقیادت اقدامات ماحولیاتی وموسمیاتی شعور بیدار کرنے اور کمیونٹیز کو متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو لو گو(مقامی گورننس میں نوجوانوں کیلئے اقدام) اور جی آئی زیڈ پاکستان کی جانب سے منعقدہ مشاورتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر مانڈوی والا نے موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالہ سے آگاہی مہمات، شجرکاری مہمات، اور صفائی کی سرگرمیوں پاکستانی نوجوانوں کی خدمات کو سراہا اورکہاکہ نوجوانوں کی مقامی سطح پر شمولیت سے خصوصاً ان علاقوں میں جو موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے زیادہ متاثر ہیں، موسمیاتی بحران کے موثر حل تلاش کرنے میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کی نوعیت اب ہنگامی ہوچکی ہے جو فوری اقدامات کی متقاضی ہے۔ ہمارے نوجوانوں میں جوش، توانائی اور تخلیقی صلاحیت ہے جو اس بحران کے حل میں قائدانہ کردار ادا کر سکتے ہیں،پاکستان کے لئے ایک پائیدار مستقبل کو یقینی بنانے میں ان کی کاوشیں ناگزیر ہیں۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان کی بین الاقوامی موسمیاتی معاہدات جیسے پیرس معاہدہ اور قومی موافقتی منصوبہ میں شرکت کا ذکر کیا۔ انہوں نے حکومت، نوجوانوں اور بین الاقوامی برادری کے درمیان تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مقامی سطح پر موسمیاتی اقدامات کے لئے فنڈنگ اور وسائل کو یقینی بنایا جا سکے۔ سینیٹر مانڈوی والا نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ ترقی پذیر ممالک کے موسمیاتی مالیات کے اہم فرق کو پورا کرنے کے لئے کردار ادا کریں۔

انہوں نے موسمیاتی فنانس میں انصاف کی ضرورت کو اجاگر کیا اور کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک، جیسے پاکستان کے لئے عالمی حمایت ناگزیر ہے۔ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے نوجوانوں کی حمایت کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا اور نوجوانوں کی شمولیت کو فعال بنانے کے لئے قومی نوجوان پالیسی، ہنرمندی کی تربیت کے پروگرام اور انٹرپرینیورشپ سپورٹ اسکیمز جیسے متعدد حکومتی اقدامات کا ذکر کیا۔انہوں نے کہاکہ ان اقدامات سے پاکستانی نوجوانوں کو ایک پائیدار مستقبل کی تشکیل میں فعال شرکت کا موقع ملے گا۔