موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے عالمی فنڈ کے قیام کی قرارداد آئی پی یو کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پیش کر دی گئی

112

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عالمی فنڈ کے قیام کی قرارداد آئی پی یو کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پیش کر دی گئی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سیلاب متاثرین کی بحالی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے قرارداد سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے پیش کی۔آئی پی یو کی 145 ویں جنرل اسمبلی کا اجلاس کیگالی (روانڈا) میں منعقد ہو رہا ہے۔ اجلاس میں دنیا بھر کی 178 پارلیمانوں کے وفد شرکت کر رہے ہیں۔

سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے آئی پی یو کے جنرل اسمبلی کے شرکاء کو پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو پاکستان کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کی حمایت کی اپیل کی۔ قرارداد کی منظوری کی صورت میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عالمی فنڈ کے قیام کی راہ ہموار گی قرارداد کی منظوری سے ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے فنڈز کی فراہمی ممکن ہوگی۔ فنڈز کے اجراء سے ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

قرارداد پر حمایت حاصل کرنے کے لیے سپیکر قومی اسمبلی نے آئی پی یو جیو پولیٹیکل گروپس کے سفارتکاروں سے ملاقاتیں کیں۔ سپیکر نے سفارتکاروں کو سیلاب میں گھرے ہوئے پاکستانی عوام کی مشکلات سے آگاہ کیا اور اپنے ممالک کی پارلیمانوں کو پاکستان کی قومی اسمبلی کی جانب سے بھیجی گئی قرارداد کی منظوری کے لیے حمایت کے لیے آمادہ کرنے کے لیے کہا۔

روانڈامیں موجود پاکستانی پارلیمانی وفد نے بھی آئی پی یو کے ممبر ممالک کے وفود سے ملاقاتیں کیں اور آئی پی یو کی جنرل اسمبلی اجلاس میں پیش کردہ قرارداد پر حمایت کی اپیل کی۔