موسمیاتی تبدیلی جیسے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے، منیر کمال

74
Climate change
Climate change

اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے سی ای او اور سیکریٹری جنرل منیر کمال نے کہا ہے بریتھ پاکستان کانفرنس ہمارے لیے ایک ویک اپ کال ہے جو ہمیں بتاتی ہے کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ جمعہ کو یہاں عالمی موسمیاتی کانفرنس ‘بریتھ پاکستان ‘ کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے منیر کمال نے کوپ 23 کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ  پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ترین ممالک میں 8 ویں نمبر پر آتا ہے۔انھوں نے کانفرنس کو ویک اپ کال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس ہمیں بتاتی ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کتنا سنگین مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سال 2022ء میں ہم نے موسمیاتی تبدیلی کے بھیانک اثرات کو بھگتا ہے، اب یہ بات عالمی سطح پر بھی تسلیم کی جاتی ہے کہ پاکستان میں 2022ء کے سیلاب سے جو بڑے پیمانے تباہی ہوئی، وہ موسمیاتی تبدیلی ہی کا نتیجہ تھی، پاکستان جیسے غریب ملک کو صرف ایک سال اور چند ماہ میں تقریباً 12 ارب 50 کروڑ ڈالر کا نقصان پہنچا، ایک ایسا ملک جو 2 ہزار ڈالر فی کس آمدنی تک پہنچنے کے لیے جدوجہد کر رہا ہو، اس کے لیے یہ یقینا مشکل ترین ہے۔انہوں نے کہا کہ 2023ء سے 2030ء کے دوران پاکستان کو 348 ارب ڈالر کی ضرورت ہے، اگر ہم نے اس پہلو پر توجہ نہ دی تو 2050ء تک پاکستان کی جی ڈی پی کو 18 سے 20 فیصد تک نقصان پہنچے گا۔