موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک مربوط لائحہ عمل کی فوری ضرورت ہے، احسن اقبال

127
Ahsan Iqbal
Ahsan Iqbal

اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی واصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہاہے کہ موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک مربوط لائحہ عمل کی فوری ضرورت ہے، ہنگامی صورتحال کے موثر ریسپانس کو یقینی بنانے کے لیے این ڈی ایم اے کا کردار اہم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر این ڈی ایم اے میں قومی سطح پر ڈیزاسٹر رسپانس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعظم نے مون سون کے دوران اداروں کے مابین موثر تعاون کیلئے ڈیزاسٹر رسپانس کمیٹی تشکیل دی تھی،اجلاس کی صدرات وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کی۔وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے فعال ردعمل کے منصوبوں کے لیے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا، انہوں نے اداروں کے مابین رابطہ کاری کو موئثر بنانے، مشترکہ تربیتی مشقوں کے انعقاد اور مربوط ردعمل کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور صوبائی اداروں کو کسی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک مربوط لائحہ عمل کی فوری ضرورت ہے، ہنگامی صورتحال کے موثر ریسپانس کو یقینی بنانے کے لیے این ڈی ایم اے کا کردار اہم ہے، ڈی آر سی کی تشکیل پاکستان کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ فریم ورک کو مضبوط بنانے اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کے لیے اہم قدم ہے۔احسن اقبال نے کہاکہ صوبائی ادارے مون سون بارشوں کے پیش نظر سانپ کے کاٹنے کی ویکسی نیشن سمیت دیگر ضروریات کا بروقت انتظام کریں، کمیٹی کے مقاصد کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو انتہائی ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، اجلاس کے اختتام میں احسن اقبال نے موبائل ڈیزاسٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ کیا۔