فیصل آباد ۔ 17 جولائی (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد کے ڈائریکٹرڈاکٹرحیدر علی خان نے کہا کہ موسم برسات میں بائیالو جیکل کنٹرول کے ذریعے جانوروں کو چیچڑوں سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے لہٰذا اس سلسلہ میں باڑوں میں مرغیاں اوربطخیں پالی جائیں جو چیچڑوں کو خوراک کے طور پر استعمال کرکے ان کا خاتمہ کرتی ہیں۔
محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد کے ڈائریکٹرڈاکٹرحیدر نے کہا کہ موسم برسات میں چیچڑوں کی تعداد میں اضافہ متوقع ہوتا ہے جو جانوروں میں خون کی کمی کیساتھ بیماریوں کی منتقلی اور پیداوار میں کمی کا اہم سبب ہے لہٰذ ا ادویات کے ساتھ قدرتی طریقہ بھی استعمال کیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے وقتاً فوقتاًبطخوں کے3مادہ اور ایک نرجبکہ مرغیوں کے5مرغیوں اورایک مرغے پر مشتمل یونٹ رعایتی نرخوں پرفراہم کئے جا تے ہیں۔
انہوں نے متعلقہ پولٹری فارمرز، مرغی پال افراد،اوردیہی خواتین کوجانوروں کے باڑوں اور پرندوں کے شیڈز میں چیچڑ مار سپرے کابھی مشورہ دیا۔انہوں نے بتایاکہ ڈویژن کے تمام ویٹرنری ہسپتالوں سے بھی اس ضمن میں رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=374571