بہاول پور 04 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ موسم بہار شجرکاری مہم کے دوران ضلع بھر میں 9 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس کےموقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر سمیرا ربانی، ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی روبینہ عباسی، چیف آفیسر ضلع کونسل نصراللہ ملک،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن میاں اظہر جاوید، ڈائریکٹر لیبر فاروق ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد جمیل غوری، ڈی ایف او شاہد حمید اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شجر کاری مہم کے دوران تمام ادارے اپنے دفاتر میں پودے لگائیں۔
انہوں نے کہا کہ پودے لگانے کے ساتھ ساتھ پودوں کی دیکھ بھال اور باقاعدگی سے آبیاری پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پودے ماحول کو سرسبز و شاداب بناتے ہیں اس سے فلورا اورفانا کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔ ڈی ایف او شاہد حمید نے بتایا کہ شجرکاری مہم کے دوران ڈیفنس کو6 لاکھ پودے، محکمہ جنگلات میں 2 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ دیگر ادارہ جات میں ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے نے بتایا کہ موسم بہار شجر کاری مہم کے دوران شہر کے مختلف پارکس اور گرین بیلٹس میں 20ہزار پودے لگائے جائیں گے اور محکمہ لائیو سٹاک کے دفتر کے احاطہ میں میاواکی جنگل لگایا جائے گا۔