موسم بہار شجر کاری مہم جاری، پشاور میں 8 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر

79

پشاور۔ 22 فروری (اے پی پی):صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں پشاور میں موسم بہار شجر کاری مہم زور و شور سے جاری ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کی سربراہی میں ناردرن بائی پاس پر موسم بہار شجر کاری مہم کے تحت 1540 سے زائد پودے لگائے گئے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حسن خیل شہروز مفتی، اسسٹنٹ کمشنر یوٹی علینہ، سب ڈویژنل فارسٹ آفیسر عبدالستار سمیت محکمہ جنگلات کے حکام، ریونیو اہلکار، اساتذہ کرام، طلباء کی بڑی تعداد، عوامی نمائندگان اور مقامی افراد کی کثیر تعداد موجود تھی جنہوں نے شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے شجر کاری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پشاور کو سرسبز بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسم بہار شجر کاری مہم کے دوران پشاور بھر میں آٹھ لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور شہر کو مزید خوبصورت بنانے میں مدد مل سکے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے اس موقع پر طلباء اور مقامی افراد کو شجر کاری کی اہمیت اور ماحول کے تحفظ کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے محکمہ جنگلات، ریونیو اہلکاروں، اساتذہ اور طلباء کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ پشاور شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کےلیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔