اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں موسم سرد ہونے کے ساتھ ہی سوپ ،انڈوں،کشمیری چائے ،چکن اور خشک میوہ جات کی فروخت میں اضافہ ہو گیا ہے۔اسلام آباد کی مارکیٹوں میں خشک میوہ جات کے سٹالز لگائے گئے ہیں اور موسم سرد ہونے کی وجہ سے انہیں اچھا منافع ہو رہا ہے۔پشاور موڑ کے رہائشی وسیم بٹ نے اے پی پی کو بتایا کہ موسم سرد ہونے کی وجہ سے سوپ ،انڈوںو گاجر کے حلوے کی مانگ میں اضافہ ہواہے اور لوگ خصوصاً شام کے بعد سوپ کا استعمال کرتے ہیں ۔ اسلام آبادکے رہائشی ندیم قیصر نے بتایاکہ موسم سرد ہونے کی وجہ سے مچھلی کی مانگ میں بھی اضافہ ہواہے اور اسلام آباد راولپنڈی میں مچھلی کے جگہ جگہ سٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔ میلوڈی مارکیٹ کے قریب رہائش پذیر سلمان نے اے پی پی کو بتایاکہ وہ سردیوں میں کشمیری چائے شوق سے پیتے ہیں۔