فیصل آباد۔ 03 جنوری (اے پی پی):موسم سرما کے دوران چکن کارن سوپ یا مرغی کی یخنی ایک سال سے بڑے بچوں میں کھانسی اور نزلے کے تدارک کیلئے بہت مفید ہے جبکہ گھر میں تیار کردہ سوپ یا یخنی میں چکن کے ساتھ ساتھ انڈہ، کارن، سبزیاں،گاجر،پالک اور چقندر شامل کرکے اس کے ذائقہ اور افادیت کو مزید بڑھایا جاسکتا ہے۔
مقامی میڈیکل یونیورسٹی کے پبلک ہیلتھ سپیشلسٹ، غذائی و طبی ماہراورپیڈیاٹریشن ڈاکٹر ذوالفقار علی نے اے پی پی کو بتایاکہ خشک وخنک اور دھند و سموگ سے آلودہ سردی کی شدت میں بتدریج اضافہ کے باعث نزلہ،زکام،کھانسی،ناک کا بہنا وغیرہ اور اس طرح کے دیگر مسائل کوئی نئی بات نہیں جبکہ اس طرح کی موسمی بیماریاں چھوٹے بچوں پر زیادہ جلدی اثر انداز ہوتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پانچ چیز وں کے استعمال سے آپ گھر بیٹھے اپنے بچوں کو کھانسی اور نزلہ زکام سے نجات د لا سکتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ شہد تو ویسے ہی شفاکا خزانہ ہے جو کھانسی اور گلے کی سوزش میں بھی آرام پہنچاتا ہے لہٰذا اگر ایک چائے کا چمچ لیموں کا جوس اور2 چائے کے چمچ شہد لے کر آپس میں مکس کر دیں اور بچے کو دن میں 2سے 3مرتبہ پلائیں تو مذکورہ موسمی امراض سے نجات مل سکتی ہے اسی طرح شہد کو نیم گرم دودھ میں ملا کر بھی دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایاکہ لیموں خشک کھانسی اور گلے کی سوزش میں بھی بہت مفید ہے کیونکہ اس کے اندر پایا جانے والا وٹامن سی بچوں کے اندر قوت مدافعت کو بڑھاتا اور نزلہ زکام و کھانسی جیسی بیماریوں سے بچنے کی صلاحیت پیدا کرتا ہے۔