فیصل آباد ۔ 10 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت چوہدری خالدمحمود نے کہا ہے کہ درجہ حرارت کم ہونے اور کورا پڑنے کی وجہ سے موسم گرما کی اگیتی سبزیاں کھیت میں اگانا ممکن نہیں لہٰذاموسم گرما کی اگیتی سبزیوں کی دستیابی کیلئے زمیندار ٹنل فارمنگ کا طریقہ اپنائیں۔
اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایاکہ زیادہ پیداوار کے حصول کے لیے ٹنل کاشت طریقہ کو رواج دینے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ٹنل میں کاشت کی گئی سبزیوں کی کاشت سے جہاں فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے وہیں کاشتکار معاشی طور پر بھی مستحکم ہوتے ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ روائتی طریقہ کاشت کی نسبت بلند، واک ان ٹنل اور پست ٹنل میں کھیرا، ٹماٹر، شملہ مرچ، سبز مرچ، گھیا کدو، گھیا توری، کریلہ، چپن کدو، حلوہ کدو، بینگن، تربوز اور خربوزہ کی سبزیاں کامیابی سے اگائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان ٹنل کے اندر کاشت کی گئی سبزیوں کو شدید سردیوں کے موسم میں انتہائی نگہداشت کے لیے پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دیا جاتا ہے
جس سے ٹنل کے اندر کا درجہ حرارت مناسب رہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ شدید سردی اور کورے کے باوجود ان سبزیوں کے پودوں کی بڑھوتری جاری رہتی ہے جس کے باعث یہ جلد تیار اور اچھے داموں میں فروخت ہوتی ہیں جس سے کاشتکاروں کو زیادہ منافع حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے پڑھے لکھے نوجوان کاشتکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ ٹنل فارمنگ پر مکمل دسترس کے لیے عملی تربیت حاصل کریں۔
انہوں نے ٹنل کے کاشتکاروں کو سفارش کی کہ وہ ٹماٹر، شملہ مرچ، سبزمرچ اور بینگن کی نرسری کی کاشت ستمبر کے آخر تک اور کھیرا،گھیا کدو، گھیا توری، کریلہ، حلوہ کدو، چپن کدو، خربوزہ اور تربوز کی براہ راست کاشت نومبر کے آخرتک مکمل کرلیں۔