موسم سرما میں چارے کی کمی سے بچنے کے لیے اگست میں جوار اور باجرہ کاشت کیا جائے،محکمہ زراعت

199

فیصل آباد۔ 30 جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ موسم سرما میں چارے کی کمی پر قابو پانے کےلئے جوار اور باجرے کی کاشت 31 اگست تک مکمل کرلیں ، جوار کی منظور شدہ اقسام جے ایس 263، جے ایس 2002، ہیگاری، باجرے کی منظور شدہ قسم ایم پی 87ملی کٹ کی کاشت کو ترجیح دی جائے تاکہ بہتر پیداوار کاحصول ممکن ہو سکے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع خالد اقبال نے ایک بیان میں کہا کہ اکتوبر اور نومبر میں اکثر چارے کی کمی ہو جاتی ہے لہٰذا اگست میں جوار اور باجرے کی کاشت سے اس کمی پر قابو پایاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار جوار کی کاشت کےلئے بھاری میرا اور باجرے کی کاشت کےلئے ہلکی میرا زمین کا انتخاب کریں جہاں پانی کا اچھا نکاس ہو۔