فیصل آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی):موسم کی تبدیلی کے باعث مونگ،ماش کی فصل پر موزیک نامی بیماری کاحملہ ہو سکتاہے لہٰذا کاشتکار فصل کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے بروقت حفاظتی، احتیاطی اقدامات یقینی بنائیں اور فصل کی فی ایکڑ بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے فصل پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ بعد ازاں انہیں کسی مشکل یا دشواری کاسامنا نہ کرناپڑے۔
شعبہ پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر اسرار احمد نے کہا کہ مونگ و ماش کی فصل پر موزیک نامی بیماری کاحملہ سب سے زیادہ خطرناک ہوتاہے جس کا وائرس سفید مکھی کے ذریعے پھیلتاہے اور یہ بیماری پتوں پر پیلے رنگ کے دھبوں کی صورت میں ظاہر ہوتی ہے جس سے پودے میں کلوروفل کی کمی ہو جاتی ہے اور پودے اپنی ضرورت کے مطابق خوراک نہیں بنا سکتے جس سے پتوں کا سائز چھوٹا رہ جاتاہے۔
انہوں نے کہاکہ کاشتکار بیماریوں کے تدارک کیلئے فصل پر حملہ نظر آتے ہی متاثرہ پودے نکال کر تلف کردیں اور بیماری والے کھیت میں آئندہ سال فصل کی کاشت سے گریز کریں۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید معلومات و رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتا ہے۔