اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) ملک میں جاری بارشوں اور موسم کی صورتحال کے پیش نظر قومی ایئر لائن پی آئی اے نے اپنے فضائی آپریشن میں معمولی ردوبدل کی ہے تاہم بیشتر پروازیں اپنے فلائٹ شیڈول کے مطابق آپریٹ کر رہی ہیں۔ ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کی طرف سے بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے کی اسلام آباد سے گلگت کی دو پروازیں راستے میں موسم کی خرابی کے باعث منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ پی ائی اے کی اسلام آباد سے سکردو کی پرواز پی کے 451 تاخیر سے روانہ ہوئی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 9246 دمام۔ اسلام آباد تاخیر کا شکار ہے اور رات 8 بجے مقامی وقت کے مطابق روانہ ہوگی جبکہ باقی ماندہ پروازیں اپنے شیڈول کے مطابق چلائی جا رہی ہیں۔